پاسداران انقلاب نے امریکی ایف-35 جنگی طیارے کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کر دیا
ایرانی پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے دنیا کے سب سے جدید امریکی جنگی طیارے ایف-35 کو حملے میں شدید نقصان پہنچایا۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق ایف-35 طیارہ ایرانی فائر کا نشانہ بننے کے بعد مشرقِ وسطیٰ میں امریکی فوجی اڈے پر ہنگامی لینڈنگ کرنے پر مجبور ہوا۔
اس معاملے سے واقف دو ذرائع نے سی این این کو بتایا کہ امریکی ایف-35 لڑاکا طیارہ ایرانی فائر کی زد میں آنے کے بعد ایمرجنسی لینڈنگ کے لیے اڈے پر اتارا گیا۔
امریکی سینٹرل کمانڈ کے ترجمان کیپٹن ٹم ہاکنز نے کہا کہ پانچویں نسل کے اسٹیلتھ جیٹ طیارے کو "ایران کے اوپر جنگی مشن پر پرواز کرتے ہوئے” ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔ ہاکنز نے مزید کہا کہ طیارہ بحفاظت لینڈ کر گیا اور پائلٹ کی حالت مستحکم ہے، واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
یہ واقعہ فروری کے آخر میں شروع ہونے والی جنگ میں پہلا موقع ہے جب ایران نے امریکی ایف-35 طیارے کو نشانہ بنایا۔ یاد رہے کہ امریکہ اور اسرائیل دونوں اس تنازع میں ایف-35 طیارے استعمال کر رہے ہیں، اور اس طیارے کی قیمت 100 ملین ڈالر سے زیادہ ہے۔