ایرانی پاسداران انقلاب نے آپریشن وعدہ صادق 4 کے 65ویں حملے کی تفصیلات جاری کر دی
ایرانی پاسداران انقلاب نے اعلان کیا ہے کہ آپریشن کا نام "یا اباعبداللہ الحسین” رکھا گیا، جس میں اسرائیلی اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔ ان اہداف میں حیفا اور اشدود کی آئل ریفائنریز شامل ہیں، جب کہ سیکیورٹی مراکز اور فوجی سپورٹ تنصیبات بھی میزائل حملوں کا ہدف بنیں۔
پاسداران انقلاب کے مطابق پہلی بار جدید "نصراللہ سسٹم” اپ گریڈ میزائل استعمال کیے گئے، اور تمام میزائل انتہائی درستگی کے ساتھ اپنے اہداف تک پہنچے۔ اس کے علاوہ قیام، ذوالفقار اور خیبرشکن میزائل بھی آپریشن میں استعمال کیے گئے۔
ایرانی فوج نے دعویٰ کیا کہ الخارج بیس پر امریکی اڈے کو بھی نشانہ بنایا گیا، جس میں ایف-35، ایف-16 اور ایواکس سپورٹ بیس کے طیارے شامل تھے۔ اس کے علاوہ شیخ عیسیٰ اور الظفرہ بیسز پر بھی میزائل حملے کیے گئے۔
پاسداران انقلاب نے کہا کہ یہ کارروائی ایرانی فوج کے شہدا کی یاد میں کی گئی ہے۔
ایرانی حملے کے دوران امریکی ایف-35 طیارہ ہنگامی لینڈنگ پر مجبور
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق ایرانی حملے کے دوران ایک امریکی ایف-35 لڑاکا طیارہ کو نقصان پہنچا اور اسے مشرقِ وسطیٰ میں امریکی فوجی اڈے پر ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی۔
اس معاملے سے واقف دو ذرائع نے سی این این کو بتایا کہ امریکی ایف-35 طیارہ ایرانی فائر کا نشانہ بننے کے بعد ایمرجنسی لینڈنگ پر مجبور ہوا۔
امریکی سینٹرل کمانڈ کے ترجمان کیپٹن ٹم ہاکنز نے کہا کہ پانچویں نسل کے اسٹیلتھ جیٹ طیارہ "ایران کے اوپر جنگی مشن پر پرواز کر رہا تھا” جب اسے ہنگامی لینڈنگ کے لیے مجبور ہونا پڑا۔
کیپٹن ہاکنز نے مزید کہا کہ طیارہ بحفاظت لینڈ کر گیا اور واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔