راولپنڈی (20 مارچ 2026): پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ Inter-Services Public Relations نے یومِ پاکستان کے موقع پر نیا ملی نغمہ "میری مٹی میری جان” کا پرومو جاری کر دیا، جو قومی جذبے، اتحاد اور حب الوطنی کی خوبصورت ترجمانی کرتا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ نغمہ پوری پاکستانی قوم کے نام ہے، جو ایک مضبوط دیوار کی طرح ہر محاذ پر ثابت قدم کھڑی ہے۔ اس نغمے میں نوجوان آوازوں کے ذریعے وطن سے محبت، یکجہتی اور قومی ہم آہنگی کا پیغام دیا گیا ہے، جو سننے والوں کے جذبات کو گرما دیتا ہے۔
ملی نغمے میں معرکۂ حق کے پس منظر میں افواجِ پاکستان اور عوام کی بہادری اور قربانیوں کو مؤثر انداز میں پیش کیا گیا ہے، جبکہ پاک فوج کے عزم، حوصلے اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بھی نمایاں کیا گیا ہے۔
نغمے کے بولوں میں وطن کے لیے آخری سانس تک قربانی دینے کے عزم کو دہرایا گیا ہے، جبکہ قومی وقار، وفاداری اور اتحاد کو نہایت خوبصورتی سے اجاگر کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ نغمہ صرف ایک دھن نہیں بلکہ پاکستانی قوم کے اجتماعی فخر، سچی حب الوطنی اور عوام و افواج کے مضبوط تعلق کی بھرپور عکاسی ہے۔