ایرانی پاسداران انقلاب کا اسرائیلی ایف-16 طیارہ گرانے کا دعویٰ، اسرائیل کی تردید
ایرانی پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے جنگ کے دوران اسرائیل کے ایک اور ایف-16 لڑاکا طیارے کو نشانہ بنا لیا ہے۔
قطری نشریاتی ادارے Al Jazeera کی رپورٹ کے مطابق ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ یہ تیسرا ایف-16 طیارہ ہے جسے کامیابی سے ہدف بنایا گیا۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی طیارے کو نقصان نہیں پہنچا۔
اس سے قبل اسرائیلی فوج نے یہ تسلیم کیا تھا کہ اس کا ایک لڑاکا طیارہ ایرانی فضائی حدود میں اینٹی ایئر کرافٹ فائر کی زد میں آیا تھا، تاہم اسے کوئی نقصان نہیں ہوا اور مشن منصوبے کے مطابق مکمل کر لیا گیا۔
ادھر ایرانی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اور اسرائیل ایران کے مؤثر حملوں کا جواب دینے میں ناکام ہو رہے ہیں۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ امریکا اور اسرائیل خلیج میں نجی کشتیوں اور مسافر جہازوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنا رہے ہیں، اور اگر ایسے حملے دوبارہ کیے گئے تو انہیں سخت جوابی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
واضح رہے کہ بین الاقوامی خبر رساں ادارے Bloomberg کے مطابق ایران پر حملوں کے آغاز کے بعد اب تک کم از کم 16 امریکی طیارے تباہ ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جن میں بغیر پائلٹ کے حملہ آور طیارے بھی شامل ہیں۔